اسلام آباد(03مارچ 2023ء ) گورنر خیبرپختونخوا حاجی غلام علی نے کہا ہے کہ معیشت اور صنعت ہماری ریاست کے اہم ستون ہیں۔ سیاست دانوں اور تاجر برادری سمیت معاشرے کے تمام طبقات کو ہر قسم کی سیاست سے بالاتر ہو کر سوچنا اور ملک کی معاشی ترقی کے لیے اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔سیاسی استحکام اور پرامن معاشرے کے قیام سے ہی ملک میں معاشی استحکام ممکن ہے۔ہمیں معیشت، صنعت کی ترقی، بے روزگاری کے خاتمے اور مہنگائی پر قابو پانے کے لیے سوچنا ہوگا۔ تاجر برادری ہی ملک کو معاشی مشکلات سے نکال سکتی ہے۔تاجر برادری کو مضبوط و خوشحال بنانے کیلئے سب سیاسی جماعتوں کو مل کر کام کرنا ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز اسلام آباد چیمبر آف سمال ٹریڈرز اینڈ سمال انڈسٹری کی جانب سے اپنے اعزاز میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ گورنر خیبرپختونخوا حاجی غلام علی نے مزید کہا کہ میں گورنر بعد میں پاکستان کی بزنس کمیونٹی اور عوام کا خادم پہلے ہوں ۔ گورنر ہائوس خیبرپختونخوا کے دروازے ہر ایک کیلئے کھلے ہیں۔ تاجر برادری کے مسائل کے حل کیلئے ہر فورم پر آواز اٹھائونگا۔گورنر خیبر پختونخواہ حاجی غلام علی نے کہا کہ وفاقی حکومت پر واضح کر دیا ہے کہ وہ برآمدات پر مبنی صنعتوں، ایس ایم ایز، محنت کشوں کے تحفظ اورکاروباری اداروں کی بقا کے لیے کام کرے اور سب سے بڑھ کر ملک کے عام آدمی کی روزی اور بنیادی ضروریات کو یقینی بنایا جائے۔تقریب سے ایف پی سی سی آئی کے نائب صدر عمر مسعود الرحمن نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم اس وقت تک ملک میں پائیدار معاشی تر قی نہیں حاصل کر سکتے کہ جب تک حکومت کاروبار دوست، معاشی ترقی میں معاون اور مقامی طور پر تشکیل کردہ بجٹ، مانیٹری، ٹیکسیشن، سرمایہ کاری، صنعتی ترقی، تجارتی فروغ، انرجی سیکیورٹی، ایگری کلچرل، تعلیمی اور غذائی تحفظ کی پالیسیوں کو اپنا لائحہ عمل نہیں بناتی۔ملکی معیشت کی بہتری کا واحد راستہ صنعتوں کو فروغ دینا ہے۔سیاسی جماعتیں معیشت کو سیاست کی بھینٹ نہ چڑھائیں۔ ملکی معیشت کا دارومدار تاجر برادری کی تجارت پر ہے۔چھوٹے تاجر ملکی معیشت میں اپنا اہم کردار ادا کرنے کے ساتھ ساتھ سب سے زیادہ روزگار فراہم کر رہے ہیں ۔حکومت تاجر برادری کو سہولیات فراہم کرے تاکہ ملک میں صنعت و تجارت کو فروغ ملے اور روزگار کے مواقع پیدا ہو سکیں۔ سینیٹر حاجی ہدایت اللہ چیئرمین سینیٹ اسٹینڈنگ کمیٹی برائے ہائوسنگ اینڈ ورکس نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں بزنس کمیونٹی نے معیشت کو سنبھالا دینے میں ماضی بعید سے لے کر آج تک جو کردار ادا کیا ہے وہ ہر لحاذ سے لائق تحسین ہے، انہی کے ٹیکس کی وجہ سے ملک کا پہیہ چل رہا ہے ۔ ہم نے ایک ہوکر خوشحال پاکستان کی طرف قدم بڑھانا ہے ۔ ۔ملک کا سب سے بڑا مسئلہ بیروزگاری کا ہے اور روزگار کے مواقع صنعتی و تجارت پیدا کر سکتی ہے حکومت پیدا نہیں کر سکتی ۔ملک میں سب سے زیادہ روزگار ایس ایم ایزہی فراہم کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تاجر برادری کے جو بھی مسائل ہیں انکی دہلیز پر حل کرنے کیلئے بھرپور جدوجہد کریں گے ۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اسلام آباد چیمبر آف سمال ٹریڈرز اینڈ سمال انڈسٹریز کے صدر سجاد سرور نے گورنر خیبرپختونخوا حاجی غلام علی ، نائب صدر ایف پی سی سی آئی عمر مسعود الرحمن اور چیئرمین سینیٹ اسٹینڈنگ کمیٹی برائے ہائوسنگ اینڈ ورکس سینیٹر حاجی ہدایت اللہ کا تقریب میں شرکت پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی بزنس کمیونٹی کیلئے بہت بڑا اعزاز ہے کہ بزنس کمیونٹی کے عظیم لیڈر حاجی غلام علی کو گورنر بنایا گیا۔ ملک میں معاشی بحران کی وجہ سے سیاسی قوتیں محسوس کرنے لگی ہیں کہ ملک کی بقاء اور سالمیت اس میں ہے اور معیشت تبھی بہتر ہو سکتی ہے جب ہم معاشی طور پر بہتر ہونگے ۔ ہماری آپ کے ساتھ بہت ساری امیدیں ہیں۔ ملک اس وقت معیشت عدم استحکا م کا شکار ہے اس پر توجہ کی ضرورت ہے ۔بزنس کمیونٹی آپ کے ساتھ کھڑی ہے اور چاہتے ہیں کہ وہ حکومت کا بازو بن کر مسائل حل کریں۔ حکومت کو چاہیے کہ وہ اسٹیک ہولڈرز کو آن بورڈ لے اور باہمی اتفاق سے مل جل کر ملک کی ترقی اور معیشت کی بہتری کیلئے کام کرنا چاہیے۔

Leave a comment